ایک نیوز: مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے اچھی خبر آگئی۔ ہُنڈا نے بڑھتی مہنگائی میں شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے موٹرسائیکلوں پر زیرو مارک اپ کے ساتھ آسان اقساط پر فراہمی کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹلس ہنڈا نے 'دراز' کے ساتھ ملکر ایک سال کی آسان اقساط پر موٹرسائیکلوں کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے۔ کمپنی اس اقدام سے موٹرسائیکلوں کی فروخت میں اضافے کی امید کررہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق عام شہری اب بلاسود ایک سال کی آسان اقساط پر اپنی موٹرسائیکل کے مالک بن سکیں گے۔ یہ پیشکس تمام موٹرسائیکلوں پر دستیاب ہے لیکن ہر بینک اس سے مستفید نہیں ہوسکتا۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اشتہار کے مطابق ایم سی بی، بینک الفلاح، یوبی ایل، اسٹینڈرڈ چارٹرڈ اور فیصل بینک کا کریڈٹ کارڈ رکھنے والے افراد یہ آفر حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ سہولت صرف دراز ایپ پر دستیاب ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاک سوزوکی موٹر کمپنی (پی ایس ایم سی) بہترین اقساط کے پلان دے رہی ہے اور یہ تمام شہریوں کیلئے اور ہر بینک کے لیے دستیاب ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ تاریخی مہنگائی اور روز بڑھتی موٹرسائیکلوں کی قیمت نے شہریوں کی قوت خرید کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بلاسود آسان اقساط پر موٹرسائیکلوں کی فراہمی سے شہری اپنی من پسند موٹرسائیکل خرید سکیں گے۔