ایک نیوز:شدید برفباری کے باعث لواری ٹنل پر چترال جانے والی سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئی، گاڑیوں کو نکالنے میں مدد دینے کیلئے انتظامی اہلکار منظر سے غائب رہے۔
لواری ٹنل پر پھنسے مسافروں کا کہنا ہے کہ شدید برفباری کے باعث چترال جانے والی سیکڑوں گاڑیاں گزشتہ شب سے لواری ٹنل کے مقام پر پھنسی ہوئی ہیں، ہمارے ساتھ بچے، عورتیں اور بزرگ بھی موجود ہیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی پرسان حال نہیں ہے، گاڑیوں کو نکالنے کیلئے انتظامی اہلکار کہیں نظر نہیں آ رہے۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل کے قریب مسافر گاڑیوں کے پھنسنے کے بعد سے وہاں موجود ہوٹلز مالکان نے بھی لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے۔
دوسری جانب ٹورازم اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل اور مضافات میں برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹریفک رات 1 بجے سے بند ہے، علاقے میں ایک فٹ سے زیادہ برف پڑچکی ہے تاہم سڑکوں سے برف ہٹانے کی کوششیں جاری ہے۔