تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین کا سیاسی اتحاد برقرار رکھنے پراتفاق

تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسملین کا سیاسی اتحاد برقرار رکھنے پراتفاق
کیپشن: تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسملین کا سیاسی اتحاد برقرار رکھنے پراتفاق

ایک نیوز :تحریک انصاف اور مجلس   وحدت المسلمین کے مابین رابطہ، سیاسی اشتراک کو وسعت دینے کیلئے باہمی مشاورت و روابط برقرار رکھنے پر اتفاق  کیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہرعلی سے علامہ راجہ ناصر عباس کی سربراہی میں مجلسِ وحدت المسلمین کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن اور چیف الیکشن کمشنر تحریک انصاف نیاز اللہ نیازی ایڈوکیٹ بھی موجود تھے۔ ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور، دونوں جماعتوں کے مابین اشتراک اور آئندہ کے لائحۂ عمل کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیاگیا۔

مجلس وحدت المسلمین کے وفد نے  اڈیالہ جیل میں ناحق قید بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمت، جرات، استقامت اور ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کی بحالی و استحکام کیلئے کی جانے والے بے مثال جدوجہد کو زبردست خراجِ تحسین کیا۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نامزدگی اور صاف شفاف انٹراپارٹی انتخابات کے ذریعے منتخب ہوکر بطور چیئرمین جماعتی ذمہ داریاں سنبھالنے پر بیرسٹر گوہر علی خان کو مبارکباد دی ۔

مجلس وحدت المسملین کے وفد نےملک میں صاف شفاف انتخابات کے انعقاد اور جمہور کی مرضی اور منشاء کی روشنی میں اقتدار کے پرامن اور مؤثر انتقال کی ضرورت پر زور دیا۔

 وفد میں  وائس چیئرمین مجلسِ وحدت المسلمین سید احمد اقبال رضوی، سیاسی ونگ کے نگران اسد نقوی اور مجلسِ وحدت المسلمین کے شعبہ اطلاعات و نشریات کے انچارج سید محسن شہریار شامل تھے۔