کراچی ،مچھرکالونی میں 2 سیاسی جماعتوں میں  تصادم ، 3 افراد جاں بحق

Dec 11, 2023 | 20:13 PM

ویب ڈیسک : کراچی کے علاقے مچھرکالونی میں عمر بن خطاب مسجد کے پاس دو گروپوں میں تصادم کے دوران فائرنگ ،3افراد جاں بحق ہو گئے۔

ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے ہمارے کارکنان پر فائرنگ کی، تاہم ایس ایس پی کیماڑی نے  تردید کردی ۔
ایم کیو ایم اکستان کے رہنما انیس قائم خانی کاکہنا ہے کہ کیماڑی کے علاقے مچھر کالونی میں ایم کیو ایم پاکستان کے نامزد امیدواران پر پیپلز پارٹی کے مسلح جتھے نے حملہ کیا۔ ایم کیو ایم کے امیدوار ہمایوں عثمان اور ملک فیاض کارکنان کے ہمراہ انتخابی مہم میں مصروف تھے کہ پیپلز پارٹی کے دہشتگردوں نے مقامی عہدیداروں کی سربراہی میں نہتے کارکنان پر گولیاں چلائیں۔حملے کا مرکزی ملزم نثار خان، قادر پٹیل کا کوآرڈینیٹر اور پیپلز پارٹی کا عہدیدار ہے۔ مسلح حملے میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان زخمی ہوئے جبکہ تین لوگ جاں بحق ہوئے، زخمی کارکنان کو عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ایس ایس پی کیماڑی نے کہا کہ ہلاک افراد کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے، اور نا ہی سیاسی جماعت کے دفتر پر فائرنگ ہوئی ہے۔ کئی سالوں سے زمینوں پر تنازعہ چل رہا تھا، آج دونوں گروپ آپس میں لڑ پڑے اس دوران ہوئی جس کے نتیجے میں سراج عرف سراجی نامی شخص اور اس کے دو ساتھی ہلاک ہوئے۔
 اے ایس پی کیماڑی ڈویژن اور ایس ایچ او ڈاکس نے نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر علاقے کا گھیراؤ کر لیا، اور فائرنگ میں ملوث مرکزی ملزم نثار پٹھان اور اس کے بھائی کو گرفتار کر لیا گیا۔ فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ ایک رائفل اور ایک عدد پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق نثار پٹھان اور متوفی سراج عرف سراجی کے درمیان زمین کا تنازعہ تھا۔
واقعہ کے بعد علاقہ مکینوں نے ماڑی پور روڈ پر احتجاج کیا، احتجاج کے باعث روڈ بلاک ہوگئے، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں