کھادذخیرہ کرنیوالوں کو معاف نہیں کیا جائے گا،نگران وزیراعظم

Dec 11, 2023 | 18:51 PM

ایک نیوز :نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کاکہنا ہے کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی سے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

 وزیرِ اعظم نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کالڑ کی زیرِ صدارت ملک میں یوریا کھاد کی طلب، قیمت اور فراہمی پر ہنگامی جائزہ اجلاس ہوا ۔اجلاس کو ملک میں یوریا کھاد کی حالیہ پیداوار، طلب اور کسانوں کو فراہمی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی.

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں یوریا کی پیداوار اور سٹاک گندم کی حالیہ فصل کیلئے کافی ہے۔ جبکہ بفر اسٹاک کیلئے 2 لاکھ 20 ہزار میٹرک ٹن یوریا درآمد کی جا رہی ہے جس کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے تک پاکستان پہنچ جائے گی.

 اجلاس میں چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کھاد کی حکومتی رعایتی قیمتوں پر کسانوں کو فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی.

 اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبوں کی جانب سے سبسڈی فراہم کرنے کیلئے تمام صوبوں کی کابینہ میں سمریاں جلد منظوری کیلئے پیش کی جائیں گی.

 اجلاس میں نگران وفاقی وزراء ڈاکٹر شمشاد اختر، کیپٹن (ر) شاہد اشرف تارڑ، ڈاکٹر کوثر عبدالملک، محمد علی، متعلقہ اعلی حکام اور چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کسانوں کو یوریا کھاد کی حکومتی رعایتی نرخوں پر بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے.  ضلعی انتظامیہ کھاد کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کاروائی اور ذمہ داران کی نشاندہی کرکے قرار واقعی سزا یقینی بنائے ۔ یوریا کھاد پر حکومتی سبسڈی کسانوں، جو اسکے صحیح مستحق ہیں، تک پہنچائی جائے. ترجیحی بنیادوں پر یوریا کی بلا تعطل فراہمی کیلئے لائحہ عمل بنا کر فوری طور پر پیش کیا جائے. وزارت صنعت اور وزارت غذائی تحفظ صوبائی حکومتوں کو یوریا کھاد کی پیداوار اور رسد کے اعدادوشمار فراہم کرکے کھاد کی ذخیرہ اندوزی کو روکنے کیلئے کاروائیوں میں معاونت یقینی بنائے. صوبائی سرحدوں پر کھاد کی نقل وحمل کی نگرانی کی جائے، اور وہ کھاد جو صوبائی ضرورت کو پوری کرنے کیلئے ہو، اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالی جائے.

نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ متعلقہ ادارے کھاد کی کسانوں کو حکومتی رعایتی قیمت پر فراہمی یقینی بنا کر رپورٹ کل تک پیش کریں. یوریا کھاد پر سبسڈی کا بوجھ تمام صوبے اپنی اپنی کھپت کے تناسب سے اٹھائیں.  فصل کی بوائی کے دوران یوریا کھاد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے صوبوں اور متعلقہ صنعت سے مشاورت سے ایک جامع فریم ورک مرتب کرکے پیش کیا جائے.

مزیدخبریں