ویب ڈیسک: سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے اپنے نانا ذوالفقار علی بھٹو کیس کی لائیو ٹیلی کاسٹ کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق درخواست بلاول بھٹوکی جانب سے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دائر کی جس میں کہا گیا کہ صدارتی ریفرنس میرے والد آصف زرداری کی جانب سے دائر کیا گیا۔
سپریم کورٹ میں کل ذوالفقار بھٹو کیس سماعت کے لیے مقرر ہے، ذوالفقار بھٹو کے قتل سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت سپریم کورٹ کا لارجر بینچ کرے گا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 9 رکنی لارجر بینچ کل دسمبر کو ذوالفقار علی بھٹو کیس کی سماعت کرے گا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے اپریل 2011 میں صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سینئر رہنما پیپلز پارٹی فیصل کریم کُنڈی نے ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کی سماعت براہ راست نشر کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔