ایک نیوز نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان پنجاب اسمبلی رواں ماہ تحلیل کرنے پر ڈٹ گئے جبکہ دوسری جانب مزید 3 ماہ حکمرانی کی خواہش رکھنے والی ق لیگ نے نئی سیاسی چال چل دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ق لیگ کی نئی چال سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پنجاب اسمبلی تحلیل کے معاملہ میں مشکل میں پھنس گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت بچانے کے لیے پرویز الہی اور شجاعت حسین میں رابطے بحال ہوگئے ہیں۔ دونوں میں رابطے کی بحالی سے پرویز الہی کا موقف پی ڈی ایم تک پہچانے کا راستہ کھل گیا ہے۔
اسی سلسلے میں چودھری سالک حسین اپنے والد چودھری شجاعت کا خصوصی پیغام لیکر لندن گئے تھے۔ جہاں انہوں نے نوازشریف سے تفصیلی ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق پرویز الہیٰ کے ساتھ رابطے کے بعد چودھری شجاعت حسین نے ایک بار پھر نواز شریف سے رابط کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پلان کے تحت اسمبلیوں کی تحلیل سے قبل ق لیگ کے 6 سے 8 ارکان اچانک بغاوت کرتے ہوئے چودھری شجاعت کا ساتھ دینے کا اعلان کردیں گے جس کے بعد عدم اعتماد کی صورت میں پرویز الہیٰ کا نمبر پورے کرنا مشکل ہوگا۔ اس مشکل سے نکلنے کیلئے عمران خان کو پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ موخر کرنا پڑے گا اور یوں پرویز الہی کو پنجاب حکومت چلانے کیلئے مزید 3 ماہ مل جائیں گے۔