ایک نیوز نیوز: اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس کیس میں قمبر شہداد کوٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر اعظم سواتی کو قمبر میں جوڈیشل مجسٹریٹ ائینڈ سول جج کے سامنے پیش کیا گیا۔قمبر پولیس کی جانب سے متنازع ٹوئٹس کیس میں اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر کے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا،قمبر عدالت کے گرد سیکیورٹی انتہائی سخت ہیں، تصاویر اور فٹیجز بنانے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
تحریک انصاف کے سینیٹر سیف اللہ ابڑو اور تحریک انصاف کے وکلاء بھی عدالت کے باہر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سینیٹر اعظم سواتی کو سندھ پولیس نے گرفتارکرلیا۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے جہاز میں سندھ پولیس اعظم سواتی کی گرفتاری کیلئے کوئٹہ پہنچی جہاں انہوں نے اعظم سواتی کو حراست میں لے لیا۔
سندھ پولیس کی جانب سے اعظم سواتی پر 13مقدمات قائم کئے گئے ہیں جبکہ آج ہی صبح بلوچستان ہائیکورٹ نے سینیٹر اعظم سواتی کے تمام ایف آئی آرختم کرکے رہائی کا حکم دیا ہے۔
اعظم سواتی پر بلوچستان میں مزید 2 مقدمات سامنے آئے جن کی ایف آئی آر پولیس نے 26 نومبر کو بلوچستان کے علاقے وندر اور لسبیلہ میں درج کی تھی لیکن رہائی کے احکامات کے باوجوداعظم سواتی ابھی بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔