ضلع خیبر : خوارج سے فائرنگ کا تبادلہ: لیفٹیننٹ عزیر شہید،نمازجنازہ ادا

Aug 11, 2024 | 16:17 PM

ایک نیوز:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک (عمر: 24 سال، ڈسٹرکٹ اٹک کے رہائشی) نے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پشاور میں شہادت کو گلے لگایا۔

شہید لیفٹیننٹ عزیرمحمود ملک کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی،نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاوراورشہید کے لواحقین نے شرکت کی،نماز جنازہ میں عسکری و سول حکام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
9 اگست کو ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں تین مختلف مقامات پر سیکورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، باغ کے ایک مقام پر، لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے اپنے دستوں کی آگے سے قیادت کرتے ہوئے بہادری سے مقابلہ کیا اور چار خوارج کو جہنم واصل کیا۔ 
تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران عزیر شدید زخمی ہو گیا اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھا، آج وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا اور شہادت کو گلے لگا لیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر افسروں اور جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔    

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا وادی تیراہ میں خوارج کے ساتھ جھڑپ میں شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کو خراج عقیدت، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک کے خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار، شہید لیفٹیننٹ عزیر محمود ملک نے بہادری کے ساتھ خارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا اور 4 خارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ 

مزیدخبریں