اقلیتوں پر ظلم،بھارت کو ’’خاص تشویش کا ملک ‘‘قرار دینے کا مطالبہ

اقلیتوں پر ظلم،بھارت کو ’’خاص تشویش کا ملک ‘‘قرار دینے کا مطالبہ
کیپشن: Persecution of minorities, demand to declare India as a country of special concern

 ایک نیوز: اقلیتوں پر مظالم کرنے پر بھارت کو ’’خاص تشویش کا ملک ‘‘قرار دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
 اس میں کوئی دوسری رائے نہیں ہے کہ بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیلئے مودی سرکار نے زندگی اجیرن بنا رکھی ہے ،دنیا کے دیگر ممالک میں حکومتیں اپنے ملک کی اقلیتوں کیلئے ہر نئے روز آسانیاں پیدا کرنے کا سامان کرتی ہیں مگر ہندوتوا سوچ کی مالک مودی حکومت اپنے ملک کی اقلیتوں کی دشمن بن چکی ہے۔
  بھارت میں یہ سوچ پروان چڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ بھارت صرف ہندوں کا ہے اور اسی سوچ کو لیکر دیگر اقلیتوں کے حقوق سلب کئے جاتے ہیں ، بھارت کی انتہاپسند جماعت بی جے پی اور مودی کے 2014ء کے بعد اقتدار میں آنے کے بعد سے اقلیتوں کیخلاف مظالم بہت بڑھ چکے ہیں ، بھارت کے ان منفی اقدامات پر اب دنیا سے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں ۔
 اس حوالے سے امریکی محکمہ خارجہ کو ایک خط میں ہندوستان کوخاص تشویش کا ملک قرار دینے کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے، یہ خط فیڈریشن آف انڈین امریکن کرسچن ایسوسی ایشن ان نارتھ امریکا کے رہنمائوں نے متحد ہو کر امریکی محکمہ خارجہ کو لکھا ہے ، خط میں امریکی محکمہ خارجہ پر زور دیا گیا بھارت کو خاص تشویش کا ملک قرار دیاجائے۔
 اس حوالے سے ڈائریکٹر ریورنڈ نیل کرسٹی کا کہنا ہے کہ ’’ یہ خط مذہبی اقلیتوں بشمول عیسائیوں، مسلمانوں، دلتوں اور مقامی قبائلی لوگوں کو نشانہ بنانے والے انسانی حقوق کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ریاست کی طرف سے منظور شدہ خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالتا ہے‘‘، ’’ہمیں امید ہے کہ یہ خط امریکی حکومت کو یہ باور کرانے میں کامیاب ہوگا کہ کس طرح ہندو قوم پرست مودی کی حکومت کس طرح دھونس دھاندلی سے مذہبی قوم پرست ایجنڈا نافذ کر رہی ہے‘‘۔
گزشتہ سال 23 جون کو امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے بھی ایوان میں اینٹونی بلنکن سے بھارت کو خاص تشویش کا ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا، الہان عمر کی قرارداد میں کہا گیا تھا مودی سرکار نے ہمیشہ ایسی پالیسیوں کو فروغ دیا ہے جس سے مسلمان، عیسائی، سکھ، دلت اور دیگر مذہبی اقلیتیں شدید متاثر ہوئیں ۔
یاد رہے کہ 2021ء میں مذہبی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں اور عیسائیوں کے گھروں اور عبادت گاہوں پر پرتشدد حملے کئے گئے ان حملوں کے پیچھے مودی حکومت کے سرکاری اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور شرپسندوں کو اکسانے کے شواہد موجود ہیں۔
  بھارت میں ہندوتوا سوچ کی حامل مودی سرکار کو اب یہ سمجھ جانا چاہئے کہ اس کے مظالم اب دنیا پر عیاں ہو چکے ہیں اگر اب بھی بھارت نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کیخلاف اپنی بربریت کو نہ روکا تو آنے والا وقت اس کیلئے مزید تباہی لائے گا۔