اقلیتوں کا دن،صدر،وزیراعظم ،آئی ایس پی آر کا پیغام

اقلیتوں کا دن،صدر،وزیراعظم ،آئی ایس پی آر کا پیغام
کیپشن: Minority Day, President, Prime Minister, ISPR message

ایک نیوز:آج اقلیتوں کے دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادیوں کے تحفظ کیلئےکیے گئے 11 اگست 1947 کے وعدے پر قائم رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقلیتوں کو آئینِ پاکستان میں ضمانت کردہ تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقلیتوں کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں، ہمارا مذہب اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو مکمل طور پر تسلیم کرتا ہے،ہر پاکستانی کو مذہب، ذات، رنگ یا نسل کی تفریق کے بغیر اپنے عقیدے کے مطابق زندگی گزارنے کا حق ہے،معاشرے کے تمام طبقات بشمول مذہبی اسکالرز، اقلیتی نمائندے اور میڈیا لوگوں کو اقلیتوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی دیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، اقلیتی برادری قیام پاکستان سے لے کراب تک تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہے،سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منانے کا مقصد پاکستان میں بسنے والی اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ان کی ریاست پاکستان کے لئے خدمات کا اعتراف ہے، ہماری اقلیتی برادری نے تحریک پاکستان میں کلیدی کردار کیا اور قیام پاکستان سے اب تک، تعمیر وطن میں اپنا بھر پور حصہ ڈال رہی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا اقلیتوں کے حقوق کے قومی دن پر پیغام میں کہنا تھا کہ ہمارا دین اور آئین اقلیتوں کے ساتھ حسن سلوک روا رکھنے کا درس دیتا ہے، ہمارے نبی کریم ﷺ اور قائد اعظم ؒ نے بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی تلقین کی ہے، اقلیتوں کا پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں کلیدی کردار ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کہا کہ مساوت ، رواداری اور برداشت جمہوریت کی بہترین تعریف ہے ، پاکستان میں مذہب ، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برا بر ہے،سب ایک ہی گلدستے کے خوش رنگ اور خوش نما پھول ہیں ، پاکستان سب کا ہے اور سب کے لئے جنت ارضی کے مترادف ہے، پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ آنند کارج میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کااعزاز ہے،ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے،جلد اسمبلی میں لائیں گے۔    
آئی ایس پی آر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر افواج پاکستان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور سروسز چیف کی طرف سے اقلیتی برادری کو مبارکباد پیش کی جاتی ہے، افواج پاکستان کی طرف سے ملکی ترقی خوشحالی اور بھرپور ثقافتی ورثے میں اقلیتوں کے ناقابل فراموش کردار کا اعتراف اقلیتوں کا قومی دن ہماری عظیم قوم کے تنوع، ہم اہنگی اور سب کی شمولیت سے آگے بڑھنے کا مظہر ہے۔
 اقلیتی برادری ہمارے سماجی تانے بانے کا لازمی اور اہم ترین حصہ ہیں اقلیتوں کے حقوق اور آزادی پاکستان کے آئین اور اسلام کے مطابق لازم ہیں۔