ایک نیوز: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر سندھ اسمبلی توڑ دی۔50رکنی کابینہ بھی ختم ہو گئی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج سندھ اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کیے تھے اور وہ سمری خود لےکر گورنر ہاؤس پہنچے تھے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کردیے جس کے ساتھ ہی صوبائی کابینہ تحلیل ہوگئی۔
ترجمان گورنر کے مطابق گورنر سندھ نے وزیراعلیٰ کی سفارش پر آرٹیکل 112 شق نمبر ایک کے تحت سمری پردستخط کیے۔مدت مکمل ہونے سے قبل اسمبلی ٹوٹنے پر 3 دن میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور اپوزیشن لیڈر نے نگران وزیراعلیٰ کیلئے مشاورت کرنی ہے۔
آج سندھ اسمبلی کا الوداعی اجلاس ہوا جس کی صدارت اسپیکر آغا سراج درانی نے کی جبکہ حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے بھی اجلاس سے خطاب کیا۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی 9 اگست کو توڑ دی گئی تھی جس کے بعد اب نگران وزیراعظم کیلئے مشاورت کی جا رہی ہے۔