بھارتی ٹیم کی جرسی پر پہلی بار پاکستان کا نام چھپ گیا

Aug 11, 2023 | 18:58 PM

 ایک نیوز: سوشل میڈیا پر وائرل  ایشیا کپ کے حوالے سے تیار بھارتی ٹیم کی جرسی پر ’ پاکستان‘ کے نام نے سوشل میڈیا صارفین کو چونکادیا ۔

وائرل تصویر میں بھارتی کپتان روہت شرما اورسابق کپتان ویرات کوہلی کو نئی جرسی پہنے دیکھا جاسکتا ہے، اس جرسی پر واضح طور پر ایشیا کپ 2023 کے میزبان یعنی پاکستان کا نام لکھا دیکھا جاسکتا ہے۔ تاحال اس خبر کی تصدیق نہیں کی جاسکی ہے لیکن امکان ہے کہ بھارتی ٹیم مقابلے کے میدان میں پاکستان کے نام سے سجی جرسی پہن کر اترے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایونٹ میں شامل تمام ٹیموں کیلئے جرسی پر ایشیا کپ کے لوگو کے ساتھ میزبان کا نام درج ہونا  ضروری ہے، بھارتی ٹیم کی جرسی پر پاکستان کا نام بھی اسی لیے درج ہوسکتا ہے۔

  ایشیا کپ 2023 کا آغاز  30 اگست کو ملتان اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلے گئے میچ سے ہوگا۔کچھ ہفتوں قبل ایشیا کپ  کے حوالے سے  قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ اس ایونٹ کیلئے دیگر ٹیموں کی طرح  بھارتی ٹیم بھی پاکستان کا سفر کرسکتی تھی تاہم بھارتی ہٹ دھرمی کے بعد واضح ہوچکا کہ حریف ملک کی ٹیم اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر  یعنی سری لنکا میں کھیلے گی۔ایشیا کپ کیلئے سری لنکا کو   پاکستان کے شریک میزبان کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

  بات کی جائے ایشیا کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کی تو دونوں ٹیمیں 2 ستمبر کے روز سری لنکا کے پالی کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گی۔

مزیدخبریں