تحریک لبیک کا ملک بھر میں نظریہ پاکستان مارچ کا اعلان 

 لاہور میں 14 اگست بروز اتوار دن 2 بجے مرکزی نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز داتا دربار سے ہوگا۔ (فائل فوٹو)
کیپشن: لاہور میں 14 اگست بروز اتوار دن 2 بجے مرکزی نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز داتا دربار سے ہوگا۔ (فائل فوٹو)

ایک نیوز نیوز: تحریک لبیک پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما مفتی محمد عمیر الازہری اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ فیض آباد کا اعلان حتمی ہے۔ ذمہ داران اور کارکنان بھرپور تیاریاں کریں۔ انتظامیہ ہمارے آئینی، قانونی اور جمہوری حق پر ڈاکا مارنے کی کوشش نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام 13 اور 14 اگست کو لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، ہری پور، مانسہرہ، فیصل آبد، ملتان، کراچی، حیدرآباد، کوئٹہ سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے تمام شہروں میں نطریہ پاکستان کانفرنسز، ریلیاں اور مارچ ہوں گے۔ اسی طرح 13 اگست بروز ہفتہ شامل 4 بجے راولپنڈی میں لیاقت باغ سے فیض آباد انٹرچینج تک نظریہ پاکستان مارچ ہوگا۔ مارچ کے اختتام پر فیض آباد پل پر عظیم الشان کانفرنس کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

دوسری طرف لاہور میں 14 اگست بروز اتوار دن 2 بجے مرکزی نظریہ پاکستان مارچ کا آغاز داتا دربار سے ہوگا۔ جو جامع مسجد رحمتہ للعالمین گرینڈ بیٹری سٹاپ پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ راولپنڈی اور لاہور میں مارچ کی قیادت امیر ٹی ایل پی حافظ سعد حسین رضوی سمیت مرکزی شوریٰ کے اراکین کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یوم آزادی پر قوم کو دو قومی نظریہ سے روشناس کروائیں گے۔ ہم بتائیں گے کہ ان کے اکابرین نے پاکستان کا مطالبہ صرف زمین کے ایک ٹکڑے کے لیے نہیں کیا تھا۔ اب ہمارا فرض ہے کہ ہم پاکستان کی تکمیل، پاکستان کو اسلامی ماڈل بنانے ، شریعت کے نفاذ کی عملی کوشش اور پاکستان کی ترقی کے لیےدن رات محنت و مشقت کو یقینی بنائیں۔