ممنوعہ فنڈنگ کیس: اسدقیصر کے خلاف ایف آئی اے کو عدالت نے انکوائری سے روک دیا

Aug 11, 2022 | 22:01 PM

ایک نیوز نیوز: سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پشاور ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا۔ عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں ایف آئی اے کو سابق سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی سے روک دیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالت نے ایف آئی اے سے چند سوالات کے جوابات بھی طلب کیے ہیں۔ 

عدالت نے ایف آئی اے سے پوچھا ہے کہ کیا کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن نے کوئی ہدایت جاری کی ہے؟ وفاقی حکومت کی جانب سے ایف آئی اے کو تحقیقات کا کہا گیا ہے؟ پولیٹیکل پارٹی آرڈر 2002 ایف آئی اے کے دائرہ کار میں ہے؟ نیز یہ بھی بتایا جائے کہ نوٹس بدنیتی یا سیاسی اثر ورسوخ پر مبنی تو نہیں؟ کیا ایف آئی اے سابق سپیکر اسمبلی کے خلاف کارروائی کا اختیار رکھتی ہے؟

واضح رہےکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد ایف آئی اے حرکت میں آگئی ہے اور مختلف شہروں میں تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کو طلب کر رکھا ہے۔

مزیدخبریں