ایکسپائری ڈیٹ بدل کر اشیا خورونوش فروخت کرنے والاگینگ پکڑا گیا

Aug 11, 2022 | 17:35 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: پشاور میں کھانے کی اشیاء کی ایکسپائری تاریخیں بدلنے والے گروہ کو گرفتار کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سلیم ایوبی نے  دلہ زاک روڈ پر گودام پر چھاپا مارا۔ 

ڈپٹی کمشنر کے مطابق کھانے کی ایکسپائر اشیاء کی تاریخیں بدلنے کا انکشاف ہوا تھا جس میں ملوث گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گودام سے بھاری مقدار میں انٹرنیشنل برانڈز کی ایکسپائر اشیاء برآمد ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر دلہ زاک روڈ پر گودام میں چھاپہ مارا گیا جہاں سے انٹرنیشنل برانڈز کی ایکسپائر اشیاء برآمدکی گئی ہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گروہ ایکسپائر اشیاء شہر بھر سے اکٹھی کرتا تھا اور پھر ان اشیاء کی تاریخیں تبدیل کرتا تھا۔ گروہ ایکسپائری ڈیٹ تبدیل کرنے کے بعد اشیاء کو دوبارہ مارکیٹ میں سپلائی کرتا تھا۔ تاریخ تبدیل کرکے بیچی جانے والی ایکسپائر اشیاء میں چاکلیٹ، ببل گم، چپس، کافی، خشک دودھ اوردیگراشیاء شامل ہیں۔

مزیدخبریں