دریائے چناب میں سیلاب کا خطرہ، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا 

Aug 11, 2022 | 17:15 PM

  ایک نیوز نیوز: پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 12 سے 14 اگست تک ڈی جی خان اور ملتان ڈویژن میں گرج چمک اور شدت کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اور دریائے چناب میں مرالہ، خانکی اور قادر آباد کے مقام پر اگلے 24 گھنٹوں کے بعد درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کی شدید سرگرمیاں جاری رہنے کا امکان ہے۔ ۔دریائے راوی اور چناب کے ندی نالوں میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب بھی متوقع ہے۔ 

 رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع میانوالی کے نالوں میں شدید سیلاب متوقع ہے۔ جبکہڈی جی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں 14 اگست تک سیلاب کا امکان ہے۔موسلادھار بارشوں سے ملتان، سرگودھا اور ڈی جی خان ڈویژن میں شہری سیلاب کا خطرہ موجود ہے۔

کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہونے سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔تمام ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔

پراونشل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ سیلابی صورتحال میں لوگوں کو پانی سے نکالنے اور ان کے کھانے پینے اور رہائش کے لئے پیشگی انتظامات کیے جائیں۔ جبکہ فلڈ ریلیف کیمپس میں ادویات کے اسٹاک سمیت جانوروں کے چارے کے انتظامات بھی کیے جائیں۔ہنگامی حالات میں تمام ادارے یکجا ہو کر آپریشن میں حصہ لیں۔ 

 پی ڈی ایم اے  کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع روزانہ کی بنیاد پر 2 سے تین مرتبہ ندی نالوں میں پانی کی سطح کا جائزہ لیں۔شہری بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور گاڑیاں نشیبی علاقوں میں کھڑی نہ کریں۔36 اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24 گھنٹے متحرک رہیں اور صورتحال سے آگاہ رکھیں۔ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔

مزیدخبریں