ایک نیوز نیوز: بھارت نے مویشیوں کی بیماری لمپی اسکن سے تحفظ کی ویکسین’’ لمپی پرو وی‘‘ تیار کرلی ، قیمت صرف ایک سے دو روپے ، حکومت نے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی۔
۔ بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر حصار کے دو سائنسدانوں ڈاکٹر نوین کمار ، ڈاکٹر سنجے نے صرف ایک سال میں دیسی ویکسین تیار کی ہے اور ان کے دعوے کے مطابق یہ 100 فیصد محفوظ ویکسین ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق نیشنل ہارس ریسرچ سینٹر کے سائنسدان ڈاکٹر نوین کمار نے بتایا کہ 2019 میں یہ بیماری پہلی بار اڑیسہ میں پائی گئی۔ جس پر ویکسین کی تیاری پرکام شروع کیا گیا ویکسین کا کلینیکل ٹرائل تین ماہ تک ہوا۔ جس میں پہلا ٹیسٹ خرگوش پر کیا گیا۔ دوسرا ٹیسٹ مئی 2022 میں 15 بچھڑوں پر کیا گیا۔ جس میں 15 بچھڑے مکمل طور پر محفوظ رہے۔ اس کے بعد راجستھان کے گائے خانوں میں اس کا بڑے پیمانے پر تجربہ کیا گیا۔ ٹیکے لگوانے کے 7 سے 14 دن بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہو جاتی ہیں۔
چار ہفتوں میں جانور مکمل طور پر خطرے سے باہر ہونے لگتا ہے۔ ڈاکٹر ڈی آر گلاٹی نے بتایا کہ اس کے لیے 50 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔ ایک ٹیسٹ میں ایک ہفتہ لگتا ہے۔ ویکسین کا فارمولہ تیار کرنے میں ایک سال لگا۔ سینٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر یشپال نے کہا کہ ہماری ٹیم نے بہت کم وقت میں ویکسین تیار کر لی ہے۔ حکومت نے ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دیدی ہے۔