مسجد الحرام کا فرش شدید گرمی میں بھی ٹھنڈا کیسے رہتا ہے؟

Apr 11, 2023 | 23:45 PM

ایک نیوز:مکہ مکرمہ میں شدید گرمی کے باوجود مسجد الحرام (خانہ کعبہ) کا فرش ٹھنڈا رہتا ہے، بیشتر زائرین اس کا سبب جاننا چاہتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بعض زائرین کا خیال ہے کہ زیرِ زمین ایئرکنڈیشن سسٹم نصب ہے، جس سے مسجد الحرام کا فرش 50 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے باوجود ٹھنڈا رہتا ہے تاہم یہ بات درست نہیں ہے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے شاہ خالد بن عبدالعزیز نے تقریباً 48 برس قبل 1396ھ میں مسجد الحرام کی تعمیر و توسیع کے کام کی تکمیل کا حکم جاری کیا تھا۔ان کے عہد میں مطاف میں توسیع کی گئی تھی اور اس کا فرش تاسوس کے سنگ مرمر سے تیار کیا گیا تھا، جس سے دوپہر کے وقت طواف کرنے اور نماز ادا کرنے والوں کو سکون ملا تھا۔

واضح رہے کہ شدید گرمی کے باوجود مسجد الحرام کا فرش انتہائی ٹھنڈا رہتا ہے، شدید دھوپ میں بھی مسجد الحرام کا فرش گرم نہیں ہوتا تاہم اگر وہاں رکھی ہوئی کرسیوں اور سامان کو دیکھا جائے تو وہ شدید گرم محسوس ہوتے ہیں۔

حرمین شرفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے ٹائلز میں ٹھنڈک کی خاصیت کی بڑی وجہ فرش میں استعمال ہونیوالا خاص قسم کا سنگ مرمر ہے، جسے یونان کے جزیرے تاسوس سے درآمد کیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق منفرد قسم کے اس سنگ مرمر کی موٹائی 5 سینٹی میٹر (تقریباً 2 انچ) ہے، یہ رات کے وقت رطوبت جذب کرنے کی خاصیت رکھتا ہے جبکہ رات میں جذب کی گئی رطوبت دن کے وقت خارج کرتا ہے جس سے فرش ٹھنڈا رہتا ہے۔

یاد رہے کہ سعودی عرب کئی عشروں سے یونانی جزیرے تاسوس سے سنگ مرمر درآمد کر رہا ہے، تاسوس کا سنگ مرمر یونان کے ایک پہاڑ سے نکالا جاتا ہے، یہ نایاب قسم کا پتھر ہے۔

مزیدخبریں