ایک نیوز:امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹِم کک اگلے ہفتے بھارت کا دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ پہلی مرتبہ آئی فون کے اسٹورز کھولنے کا اعلان کریں گے۔
انڈین ٹو ڈے کے مطابق منگل کو ایپل نے ایک بیان میں کہا کہ پہلا اسٹور ممبئی میں 18 اپریل کو اور دوسرا نئی دہلی میں 20 اپریل کو کھولا جائے گا۔ پیغام میں لکھا کہ ’’ہیلو ممبئی۔ ہم آپ کو بھارت میں پہلا اسٹور کھلنے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔‘‘
بھارت کو آئی فون کی ایکسپورٹ اربوں ڈالر تک پہنچ گئی ہے تاہم مختلف وجوہات کی بنیاد پر اب تک ایک سٹور بھی انڈیا میں نہ کھل سکا۔
بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے آئی فون تیار کرنے کا آپریشن بھارت منتقل کرنے کا بھی امکان ہے۔ایپل کا پہلا اسٹور ممبئی کی مہنگی مارکیٹ باندرا کرلا کمپلیکس میں کھولا جائے گا۔
فی الحال ایپل نے ٹِم کوک کے دورے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ایپل کے چیف ایگزیکٹیو ٹِم کک نے 2016 میں بھارت کا پہلا دورہ کیا تھا۔
طویل عرصے سے بھارت میں ایپل کے یہ دو اسٹورز کھولنے کی منصوبہ بندی کی جارہی تھی لیکن بھارت کے سخت قوانین انٹرنیشنل برانڈز آؤٹ لیٹس کھلنے کی راہ میں رکاوٹ بنے رہے۔
سال 2020ء میں ایپل نے بھارت میں آن لائن اسٹور کھولا تھا۔ اسمارٹ فون کے لحاظ سے بھارت دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے اور تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق ایپل انتظامیہ کی کوشش ہے کہ دورے کے دوران ٹِم کک کی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوسکے۔
بھارتی حکومت ملکی سطح پر الیکٹرانکس کی تیاری کو فروغ دے رہی ہے اور بین الاقوامی کمپنیوں کی توجہ حاصل کرنے کیلئے اس نے اربوں ڈالر بھی خرچ کئے ہیں۔