نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کالاہورپریس کلب کادورہ،ڈیڑھ کروڑ کاچیک دیا

Apr 11, 2023 | 21:08 PM

ایک نیوز:لاہورپریس کلب کی گورننگ باڈی کی دعوت پرنگران وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کا لاہور پریس کلب کادورہ ،ممبران کیلئے ڈیڑھ کروڑ کا چیک بھی دیا۔

 نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کی لاہور پریس کلب آمد پر صدر اعظم چوہدری،سینئرنائب صدر شاداب ریاض ، سیکرٹری عبدالمجید ساجد، جوائنٹ سیکرٹری حسن تیمور جکھڑ، ممبر گورننگ باڈی محمد نواز سنگرا ، عالیہ خان ،حافظ عدنان طارق لودھی، محسن بلال اوررضا محمد نے استقبال کیا۔

 نگران وزیراطلاعات و سابق صدر لاہورپریس کلب عامر میر، سیکرٹری اطلاعات و کلچر علی نواز ملک ، ڈی جی پی آر میڈم روبینہ افضل اور پی جے ایچ ایف کے ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹرحسیب زیدی بھی موجودتھے۔

وزیراعلی پنجاب سید محسن رضا نقوی کاکہنا تھا کہ لاہور سمیت صوبے بھر کی صحافی برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، وزیراعلی آفس کے دروازے ہر وقت صحافیوں کے لیے کھلے ہیں۔میڈیا پر کسی بھی قسم کی پابندی کی مذمت کرتا ہوں اور میڈیا پر قدغن نہیں بلکہ اظہار رائے کی آزادی کے حق میں ہوں،پنجاب حکومت صحافی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیراعلی پنجاب نے لاہور پریس کلب کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے سیف سٹی کیمروں کی تنصیب ، کلب بلڈنگ کی تزئین و آرائش اور توسیع کے احکامات بھی جاری کئے۔

محسن نقوی نے  صحافی کالونی کے رہائش پذیر افراد کے لیے بھی سکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔ صحافی کالونی کے انتقال کی جلدبحالی کی یقین دہانی کرائی ، کالونی میں سکیورٹی کیمروں کی تنصیب اور ہنگامی بنیادوں پر ہسپتال کی تعمیر کی ہدایات بھی جاری کیں جبکہ ایف بلاک کی جلد تکمیل کے لئے موقع پر موجود ایل ڈی اے اور پی جے ایچ ایف کے افسران کوہدایات جاری کیں۔انھوں نے فیز ٹوکے حوالے سے بھی کہاکہ جلد بڑی خوشخبری ملے گی جبکہ متاثرین بی بلاک کے لئے صحافی کالونی کے اندر ہی موجود 77 کنال زمین ڈویلپمنٹ کرکے جلد الاٹ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

صدر پریس کلب اعظم چوہدری، سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے صحافی کالونی اورلاہور پریس کلب کے مسائل کے حل پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیااورانھیں کلب کی لائف ممبرشپ دینے کا اعلان کیااور انفارمیشن منسٹرعامر میر کا خصوصی شکریہ اداکیا جن کی مسلسل کاوشوں سے لاہورپریس کلب اورصحافی کالونی میں درپیش مسائل کے حل کی جانب بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

مزیدخبریں