علی امین گنڈ اپور دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

Apr 11, 2023 | 15:47 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیاہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈا پور کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد اے ٹی سی پیش کیا گیا تھا جہاں کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے کی۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کو روسٹرم پر بلایا اور استفسار کیا کہ کیا آپ کو ٹارچر تو نہیں کیا گیا جس پر علی امین نے نفی میں جواب دیا۔عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے دہشتگردی کی دفعات ہٹا دی ہیں اب متعلقہ عدالت میں پیش کر سکتے ہیں۔

علی امین گنڈا پور کے وکیل بابر اعوان کے معاون نے عدالت میں استدعا کی کہ بابر اعوان پہنچنے والے ہیں تھوڑا انتظار کر لیا جائے۔ جس پر جج نے ریمارکس دیئے کہ یہاں دہشت گردی کی دفعات ہٹانے کے لئے کیس داخلہ کیا گیا تھا اور اب دفعات ہٹ دی گئیں ہیں آپ کیا چاہتے ہیں کہ دہشتگردی کی دفعات نہ ہٹائی جائیں؟وکیل نے استدعا کی کہ پہلے دہشتگردی کی دفعات لگا کر عدالت کا وقت ضائع کیا گیا ہے ہم اس پر دلائل دینا چاہتے ہیں۔

جج راجہ جواد عباس حسن نے ریمارکس دیئے کہ چلیں ہم دونوں سائیڈ کو دس ،دس منٹ سن لیتے ہیں جس کے بعد عدالت نے بابر اعوان کی آمد تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔کچھ دیر بعد وقفے کے بعد کیس کی سماعت دوبارہ ہوئی تو پرویز خٹک اور اسد قیصر وکیل بابراعوان کے ہمراہ کمرہ عدالت پہنچے۔

 بابر اعوان نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ تفتیشی افسر نے کل عدالت کا وقت ضائع کیا تھا اس نے وکیلوں کا وقت بھی ضائع کیا اور ملزم کو ذلیل و خوار کیا۔ بابراعوان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے خلاف نجی چینل مدعی نہیں ہے۔ عدالتی وقت ضائع کرنے پر تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کیا جائے6ماہ بعد مجسٹریٹ نے جھوٹ پر مبنی مقدمہ درج کیا۔

جج نے استفسار کیا کہ کیا اسے ایمانداری نہیں کہیں گے کہ دہشتگردی کی دفعات حذف کردیں۔ عدالت نے علی امین گنڈاپور کو ضلعی کچہری لے جانے کی ہدایت کردی۔

پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد پہنچایا گیا ہے جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم نے محفوظ شدہ فیصلہ سنا دیا۔  علی امین کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈا پور کی مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلی اور کہا کہ فریقین جمعے تک علی امین گنڈا پور کے خلاف درج مقدمات کی رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت جمعے تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں