حکومت نے انتخابات کیلئے پیسے نہیں دیئے، الیکشن کمیشن نے رپورٹ جمع کرادی

حکومت نے انتخابات کیلئے پیسے نہیں دیئے، الیکشن کمیشن نے رپورٹ جمع کرادی

ایک نیوز:  الیکشن کمیشن کو تاحال وزارت خزانہ کی طرف سے فنڈز جاری نہیں کیے گئے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروا دی ہے۔

رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کی طرف سے فنڈز نہ ملنے پر سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کروادی ہے۔  رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزارت خزانہ یا حکومت کی طرف سے سپریم کورٹ کے حکم پر کوئی جواب نہیں ملا، حکومت کی جانب سے فنڈز نہیں دئیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام رپورٹ جمع کروانے کے بعد سپریم کورٹ سے روانہ ہو گئے ہیں۔

 الیکشن کمیشن کی ایک صفحہ پر مشتمل رپورٹ چیف جسٹس کو پیش کی گئی ہے جس میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب انتخابات کے لیے فنڈز دیے گئے نہ ہی مطلوبہ سیکیورٹی فورس دی گئی، 21 ارب روپے تاحال فراہم نہیں کیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پنجاب نگران حکومت نے سیکیورٹی کے لیے صرف 75 ہزار اہل کار دینے کی رضامندی ظاہر کی حالاں کہ  پنجاب میں انتخابات کے لیے تین لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کی کمی ہے۔
 واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 10 اپریل تک انتخابات کیلئے 21 ارب روپے دینے کا حکم دیا تھا۔