سرکاری ملازمین کو عید پر ایڈوانس تنخواہیں دینے کا اعلان

Apr 11, 2023 | 10:15 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: متحدہ عرب امارات  میں وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے ایڈوانس تنخواہوں کا اعلان کر دیا گیاہے۔

رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ،وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی ہدایت پر ملازمین کو تنخواہوں کی پیشگی ادائیگی کی جائے ۔ سرکاری ملازمین جن کا تعلق وفاقی حکومت سے ہے یہ ملازمین  17 اپریل کو اپنی ماہانہ تنخواہ وصول کریں گے، اس اقدام سے خاندانوں کو آنے والی عید الفطر کی تیاری اور طویل تعطیلات کے لیے خریداری کرنے کا موقع ملے گا۔

یواے ای  کے رہائشیوں کو اس سال عید الفطر پر طویل ویک اینڈ بھی ملنے کی توقع ہے۔رہائشی عید الفطر کی تعطیلات کے ساتھ 3 ہفتوں سے بھی کم عرصے میں ایک طویل ویک اینڈ سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔

عرب یونین برائے فلکیات اور خلائی سائنسز  کے رکن امارات فلکیات سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین ابراہیم الجروان نےپیشگوئی کی تھی کہ رمضان المبارک کا آغاز 23 مارچ سے ہوگا، اب انہوں نے یہ بھی پیش گوئی کی ہے کہ اس سال رمضان 29 دن طویل ہوسکتا ہے اور عید الفطر جمعہ 21 اپریل کو ہونے کی توقع ہے۔

اسلامی ہجری کیلنڈر پر سرکاری عام تعطیلات کی تاریخیں 29 رمضان سے 3 شوال 1443 تک 4 دن کی ہیں. لہذا اس بار متعلقہ تاریخیں جمعہ 21 اپریل  سے پیر 24 اپریل  تک ہیں، اس کا مطلب ہے رہائشیوں کے لیے ایک طویل ویک اینڈ کی چھٹی ہے تاہم سرکاری تاریخوں کی تصدیق چاند دیکھنے والی کمیٹی عید کے قریب کرے گی۔

مزیدخبریں