ویب ڈیسک: چین نے چاند کی مٹی سے بنی اینٹوں کو خلا میں بھیجنے کا پروگرام بنا لیا، جس سے تحقیقی بیس تعمیر کی جائے گی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چینی سائنسدان چاند کی مٹی سے بطور نمونہ بنائی گئی اینٹیں خلا میں بھیجنے کا پروگرام بنا رہے ہیں، اس کا مقصد یہ تجربہ کرنا ہے کہ آیا ان اینٹوں کو چاند پر خلائی بیس کی تعمیر میں استعمال کیا جا سکتا ہے یا نہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ خلا کے ماحول میں رکھی گئی ان اینٹوں کے جائزے کے بعد اندازہ لگایا جائے گا کہ انتہائی ماحولیاتی شرائط میں یہ اینٹیں کس قدر پائیدار ہیں، پلان کے مطابق یہ اینٹیں اگلے مہینے تیانزو8 کارگو خلائی گاڑی کے ذریعے تیانزو خلائی اسٹیشن بھیجی جائیں گی۔
چین سائنسی ایجادات اور وسائل کی تلاش کیلئے سنہ 2035 تک چاند کے جنوبی قطب کے قریب بین الاقوامی لونر تحقیقی سٹیشن آئی ایل آر ایس تعمیر کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، اس 3 سالہ تجربے میں سائنس دان اینٹوں پر ریڈی ایشن اور مختلف درجہ حرارت کے اثرات کا جائزہ لیں گے۔