ویب ڈیسک:سینیٹرفیصل واوڈا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بٹن دبا کر کہیں منہ دکھانے لائق نہیں چھوڑوں گا۔
سینٹ اجلاس میں تقریر کے دوران سینیٹر فیصل واوڈا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ آئیں پنجاب، سندھ اور بلوچستان مسٹر گنڈا پور کو مس گنڈا پور بنا کر بھیجیں گے، آپ آئیں اور آپ کو لٹائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ منت ترلے کررہے ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ آپ سے بات کرے، ارشد شریف کیس میں مراد سعید، جنرل فیض اور بانی پی ٹی آئی کو کیسے پتا تھا یہ ہونے والا ہے، آپ نے اپنی گندی سیاست کیلئے بے گناہ آدمی ارشد شریف کو مروا دیا۔
فیصل واوڈا کی تقریر کے دوران پی ٹی آئی کے ارکان ایوان میں واپس آگئے اور سینیٹر فلک ناز چترالی نے کہا کہ ان کی کیا حیثیت ہے، یہ کیوں بول رہے ہیں، جس پر فیصل واوڈا نے کہا کہ میں آپ کو جانتا نہیں آپ کی کیا حیثیت ہے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ ملک توڑ رہے ہیں، سازش کر رہے ہیں، آپ ہماری ماں بہن کو گالیاں دیں ہم برداشت کریں گے، اس دوران پی ٹی آئی کے سینیٹرز کا فیصل واوڈا کے خلاف احتجاج جاری رہا اور حکومتی سینیٹرز فیصل واڈا کے دفاع میں سامنے آگئے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ابھی صبر کریں ابھی تو آپ کے ساتھ کام شروع ہوا ہے، اداروں اور حکومت کی کمزوری ہے کہ یہ لوگ گالیاں دے رہے ہیں۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ نیب ترمیم کی مخالف پی ٹی آئی نے سب سے پہلے اس سے مستفید ہونے کی درخواست دی، ملکی مفادات کیخلاف پی ٹی آئی کے اقدامات کی ایک تاریخ ہے، یہ ملک توڑنے کی بات نہ کرتے تو ہم ساتھ کھڑے ہوتے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ آپ کے تمام لوگ کمپرومائز ہیں، جلد مزید ثبوت دوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے منتیں کر رہے ہیں، آپ جنرل فیض کی گود میں بیٹھ کر آئے تھے، کوئی ہماری ماں بہنوں کو گالیاں دے، ہم برداشت نہیں کریں گے۔
اس دوران پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ لوگ مر رہے ہیں فوج سے بات کرنے کیلئے، یہ لوگ اندر خانے معافیاں مانگتے ہیں، گنڈاپور کہتے ہیں جیل بریک کریں گے، یہی کام انہوں نے ارشد شریف کے ساتھ کیا، آپ نے ایک بے گناہ آدمی کو اپنی سیاست کیلئے مروا دیا۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ایک بٹن دبانے پر انہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں چھوڑوں گا، آپ کو لاوارث اس لیے لگ رہا ہے کہ باپ اندر ہے۔