ویب ڈیسک:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی کو رہا کردیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق بیرسٹر گوہر علی کو تھانہ سنگجانی کے مقدمے میں ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت کو بھی پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات 3 تھانوں میں درج کیے گئے تھے، مقدمات اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر2024کے تحت درج کیے گئے، مقدمات میں کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقدمات تھانہ نون اور تھانہ سنگجانی میں درج کیےگئے ہیں۔
خیال رہے کہ اتوار کو پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں جلسہ کیا تھا جس کیلئے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو شام 7 بجے تک جلسہ کرنے کا این او سی جاری کیا تھا لیکن اس کے باوجود جلسہ دیر تک جاری رہا۔
تحریک انصاف کے جلسے کے قریب 26 نمبر چونگی پر جلسے میں شرکت کیلئے آنے والے شرکا ءاور پولیس کے درمیان تصادم بھی ہوا جس میں جلسے کے شرکا نےپتھراؤ کیا جس کے جواب میں پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔