ایک نیوز: پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے ہم نے بھارت کو ہرانے کے لیے بھرپور محنت کی ہے اور محنت کر رہے ہیں جو ہمارے ہاتھ میں ہے۔
رپورٹ کے مطابق کولمبو میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کا کہنا تھا موسم ہمارے ہاتھ میں نہیں لیکن تیاری سے فرق پڑتا ہے۔ ہمارے ہاتھ میں تیاری ہے، وہ زیادہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم بھی اور فینز بھی بھارت کو ہرانا چاہتے ہیں اسی طرح بھارت والے بھی جیتنا چاہتے ہیں، ہمارا بینچ بھی بہت مضبوط ہے۔
پاکستان کی اوپننگ جوڑی پر بات کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ فخر زمان پلیئر آف دی منتھ رہ چکا ہے۔ 3، 4 اننگز سے فرق نہیں پڑتا، وہ مختلف انداز سے آؤٹ ہو رہا ہے، بال اس کے بیٹ پر آرہی ہے لیکن اس سب کے باوجود ہمیں اوپننگ تبدیل کرنے کی ضرورت نہیں۔
بھارت کے خلاف گزشتہ میچ پر بات کرتے ہوئے محمد رضوان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ٹارگٹ اتنا آسان بھی نہیں تھا کنڈیشنز پر بڑا انحصار ہوتا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے نہیں سب پلیئرز کی بات کر رہا ہوں، ہم آپس میں جب بھی ملتے ہیں کارکردگی کی بات کرتے ہیں، ہم سب کے آپس میں اچھے تعلقات ہیں تاہم گراؤنڈ میں ماحول مختلف ہوتا ہے۔
پاکستان کے عالمی ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون ہونے پر بات کرتے ہوئے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے کہا کہ ورلڈ نمبر ون بنانے میں ہمارے فاسٹ باؤلرز کا بڑا ہاتھ ہے، ہمارے تینوں فاسٹ بولرز سب ٹیموں کے لیے مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ جاوید میانداد کا مجھے چھپا رستم کہنا بڑا معنی رکھتا ہے، میرے لیے ایسی باتیں میری اہم ہوتی ہیں میں متحرک رہتا ہوں۔