ایک نیوز: بھارت میں ایک ہندو انتہا پسند استاد نے واٹر کولر سے پانی پینے پر نچلی ذات کے طالبعلم کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کے شہر بھارت پور کے سرکاری اسکول میں واقعہ پیش آیا جہاں ایک پیاسے طالبعلم کو استاد نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق طالبعلم کی جانب سے بتایا گیا کہ اسکول میں پینے کا پانی ختم ہوگیا تھا جس کے باعث اس نے اور اس کے دوستوں نے پیاس لگنے پر استاد کے واٹر کولر سے پانی کو اپنی بوتلوں میں بھر لیا جس پر استاد نے غصے میں آکر تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد متاثرہ طالبعلم کے والدین اور دلت ذات کے افراد نے اسکول پر حملہ کیا اور بچے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے استاد گنگا رام گجر کے خلاف احتجاج بھی کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ طالبعلم کے بھائی کی جانب سے استاد کے خلاف مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کرائی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ساتویں جماعت کے طالبعلم کا طبی معائنہ کروا لیا گیا ہے اور استاد کو تفتیش کیلئے حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔