ایک نیوز: بھارت کے خلاف میچ سے قبل پاکستانی فاسٹ باؤلرشاہین شاہ آفریدی نے وارننگ جاری کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف ہر میچ سپیشل ہوتا ہے،انڈر 16کرکٹ کھیلتا تو روایتی حریفوں کے مقابلے کا شدت سے منتظر ہوتا تھا۔ایشیا کپ کے گروپ میچ میں بھارت کیخلاف باؤلنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ میرا بہترین اسپیل نہیں تھا، ابھی تو آغاز ہے،آگے بہت کچھ کر دکھانا ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ کم عمری میں ہی تینوں فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے نئی گیند سے بولنگ کرتا ہوں تو پرستاروں کی توقعات بھی زیادہ ہوتی ہیں۔پاکستان ٹیم کی اچھی بات ہے کہ ہر کسی کو اپنے رول کا اندازہ ہے،باؤلرز جانتے ہیں کہ نئی یا پرانی گیند کا کس طرح فائدہ اٹھانا ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ میری اور نسیم شاہ کی کوشش ہوتی ہے کہ جلد سے جلد وکٹیں اڑائیں،حارث رؤف کی اسپیڈ ہم دونوں سے زیادہ ہے، وہ درمیانی اور آخری اوورز میں اٹیک کرتے ہیں۔ہمارا آپس کا تال میل بھی اچھا ہے، ایک دوسرے سے بات اور رہنمائی بھی کرتے رہتے ہیں،اسی میں ہماری کامیابی کا راز مضمر ہے۔