ایک نیوز: امریکی سینیٹر کرس وان ہالن نے کا کہنا ہے کہ بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی اور یہ پاکستانی عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنے قائدین کا فیصلہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ڈاکٹرز کی تنظیم کے ڈی ایم وی چیپٹرکی تقریب میں امریکی سینیٹر کرس وان ہالن نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
امریکی سینیٹر کرس وان ہالن نے پاکستانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک عرصے سے بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہوں، بائیڈن انتظامیہ پاکستانی سیاست میں مداخلت نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ اعتماد سےکہہ سکتا ہوں کہ پاکستانی سیاست سے متعلق کچھ بھی انجینئر کرنے کی کوشش نہیں ہوئی، یہ پاکستانی عوام پر منحصر ہے کہ وہ اپنے قائدین کا فیصلہ کریں، یقینی بنایا جائے کہ پاکستانی عوام کی مرضی سنی جائے اور ان کی عکاسی کی جائے۔
امریکی سینیٹر نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں انتخابات کا آزادانہ اور منصفانہ ہونا ضروری ہے، امریکا، دیگر جمہوریتیں اور پاکستانی عوام دلچسپی رکھتے ہیں کہ انتخابات آزادانہ اور منصفانہ ہوں کیونکہ بائیڈن انتظامیہ پاکستان کے ساتھ انتہائی مضبوط اور دو طرفہ تعلقات کی خواہاں ہے، پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات دنیا بھر میں استحکام اور سلامتی کے لیے اہم ہیں۔
سینیٹر کرس وان ہالن نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد امریکا کی مدد دیکھنےمیں آئی، امریکا نے پاکستان کے معاملے میں آئی ایم ایف کو ہنگامی معاشی ریلیف کے ساتھ آگے آنے کے لیے بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔