ایک نیوز :دنیا کی 20 بڑی معیشوں کے گروپ جی 20 کے ہفتے کو نئی دہلی میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے افتتاحی دن ایک متفقہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
ایک نیوز :دنیا کی 20 بڑی معیشوں کے گروپ جی 20 کے ہفتے کو نئی دہلی میں ہونے والے سربراہی اجلاس کے افتتاحی دن ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں یوکرین میں جنگ پر روس کی مذمت نہیں کی گئی۔ تاہم تمام ریاستوں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں۔
میزبان ملک انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا کہ یہ اعلامیہ سمٹ کے پہلے دن منظور کر لیا گیا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ اتفاق رائے حیرت انگیز طور پر سامنے آیا کیونکہ گروپ یوکرین کی جنگ پر تقسیم کا شکار ہے۔ اس سے قبل مغربی ممالک نے اعلامیے میں روس کی سخت مذمت پر زور دیا تھا جب کہ دیگر ممالک نے وسیع تر اقتصادی مسائل پر توجہ مرکوز رکھنے کا مطالبہ کیا تھا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ’ہم تمام ریاستوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بین الاقوامی قانون کے اصولوں بشمول علاقائی سالمیت اور خودمختاری، بین الاقوامی انسانی قانون، اور کثیرالجہتی نظام کو برقرار رکھیں جو امن اور استحکام کا تحفظ کرتا ہے۔‘اعلامیے کے مطابق ’ہم تمام متعلقہ اور تعمیری اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہیں جو یوکرین میں ایک جامع، منصفانہ، اور پائیدار امن میں مدد گار ہیں۔‘
بیان میں روس کا نام لیے بغیر کہا گیا کہ ’جوہری ہتھیاروں کا استعمال یا استعمال کی دھمکی ناقابل قبول ہے۔اعلامیے میں یوکرین اور روس سے اناج، خوراک اور کھاد کی محفوظ فراہمی کے لیے بحیرہ اسود معاہدے پر عمل درآمد پر بھی زور دیا گیا۔