ایک نیوز : پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے قریب موٹروے پر بس الٹنے سے 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جن میں سے کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس سیالکوٹ سے مقدسہ مریم آباد جا رہی تھی، ریسیکو حکام کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور اوورلوڈنگ کے باعث پیش آیا۔حادثہ M2 موٹروے پرخانقاہ ڈوگراں انٹرچینج کے قریب پیش آیا،بس موٹروے پل سے نیچے گرگئی جس کی وجہ سے موٹروے پر متعدد گاڑیاں بس سے ٹکراگئی ۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے خانقاہ ڈوگراں انٹر چینج کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔محسن نقوی نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی۔