پی ایچ ایف کا 3 سال بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ  کا اعلان

پی ایچ ایف کا 3 سال بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ  کا اعلان
کیپشن: PHF announces National Hockey Championship after 3 years

ایک نیوز: پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے تین سال بعد قومی ہاکی چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کردیا،67 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ آئندہ ماہ کھیلی جائےگی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی سینیئر ہاکی چیمپئن شپ 12 اکتوبر تا 23 اکتوبر لیفٹننٹ جنرل اشفاق ندیم ہاکی اسٹیڈیم ایوب پارک راولپنڈی میں منعقد ہوگی۔

آرمی ویلفیئر ٹرسٹ کے اشتراک سے پی ایچ ایف کے زیراہتمام قومی ہاکی چیمپئن شپ میں پی ایچ ایف کے تمام ملحقہ صوبائی یونٹس اور  ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی۔

سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف حیدر  حسین نے ایونٹ میں شرکت کے خواہاں تمام ملحقہ صوبائی و ڈیپارٹمنٹل یونٹس کو 18 ستمبر تک شرکت کنفرم کرنےکی ہدایات جاری کی ہیں۔

پی ایچ ایف کے مطابق قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی دوران ایونٹ باصلاحیت کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لےگی اور  اپنی سفارشات مرتب کرےگی۔

واضح رہےکہ قومی ہاکی چیمپئن شپ تین سال بعد ہو رہی ہے، آخری مرتبہ قومی ہاکی چیمپئن شپ نومبر 2020 میں منعقد ہوئی تھی،66 ویں قومی ہاکی چیمپئن شپ میں واپڈا نے نیشنل بینک کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔