خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کا فارورڈ بلاک بنانے کی تیاری

Sep 10, 2022 | 19:05 PM

 ایک نیوز نیوز: خیبر پختونخوا اسمبلی کے رکن فہیم خان کے بعد عمران خان کے ماضی کے قریبی دوست جہانگیر خان ترین اور سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور کی طرف سے اراکین اسمبلی کے ساتھ رابطوں میں تیزی آگئی۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ انجینئر فہیم خان نے خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کا فارورڈ بلاک بنانے کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے مبینہ فارورڈ بلاک کے اراکین کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے تحفظات ہیں۔ 

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے مستعفی ہونے والے اراکین قومی اسمبلی میں سے شکور شاد پہلے ہی اسمبلی کا حصہ بننے کے حوالے سے خواہش ظاہر کر چکے ہیں۔ قومی اسمبلی کے مستعفی رکن ارباب عامر اور ناصر خان موسی زئی کے حوالے سے بھی بتایا جا رہا ہے کہ وہ آنے والے دنوں میں قومی اسمبلی کا حصہ بن سکتے ہیں۔ 

یاد رہے کہ ارباب عامر 2018 کے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 28 پشاور سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر  قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ تحریک انصاف کی صفوں میں مشکوک تصور کیے جانے والے ناصر موسی زئی این اے 29 پشاور سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے ماضی کے دوست جہانگیر  ترین پاکستان تحریک انصاف کو توڑنے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب کے سابق گورنر چوہدری سرور نے تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی کے ساتھ رابطے شروع کر دیے ہیں۔

وفاقی اور صوبائی سطح پر تحریک انصاف میں توڑ پھوڑ کے حوالے سے پارٹی کے اہم ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو ساری صورت حال کا علم ہے۔ پی ٹی آئی ذرائع کا دعوی ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں تحریک انصاف کے جن اراکین اسمبلی کو پیسوں کی پیشکش ہوتی ہے ان میں سے اکثر آ کر عمران خان کو بتا دیتے ہیں تاکہ آئندہ عام انتخابات کے لیے اس کا ٹکٹ کنفرم ہو سکے۔

مزیدخبریں