ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے سیلاب میں جاں بحق افراد کے لواحقین کی امداد بڑھا کر 10 لاکھ کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے صوبائی وزیر منیب سلطان نے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور سیلاب کے بعد ریلیف کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بہت متاثر ہوا ہے، غیر معمولی بارشوں اور سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، موسمیاتی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمیں غیر معمولی اقدامات کرنا ہوں گے۔
چودھری پرویز الٰہی کا مزید کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امداد 8 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کر دی ہے، وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع رقم سے متاثرین کی آبادکاری بھی کریں گے۔
دوسری جانب کمشنرڈیرہ غازی خان کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث بڑے جانور کے نقصان پر 75 ہزار روپے دیے جائیں گے اور پکے گھروں کے نقصان کے لیے امداد ایک لاکھ سے بڑھا کر4 لاکھ کر دی گئی ہے جبکہ کچے گھروں کے نقصان کے لیے امداد 40 ہزار سے بڑھاکر2 لاکھ کر دی گئی ہے۔