تحریک انصاف خیبر پختونخوا لرز گئی، ایک اور ایم پی اے پارٹی چھوڑ گیا

 تحریک انصاف خیبر پختونخوا لرز گئی، ایک اور ایم پی اے پارٹی چھوڑ گیا
کیپشن:  تحریک انصاف خیبر پختونخوا لرز گئی، ایک اور ایم پی اے پارٹی چھوڑ گیا

پی ٰاین این نیوز: صوبہ خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف  کو ایک اور دھچکا ،ایک اور رکن صوبائی  ا سمبلی نے پارٹی چھوڑ دی ۔چارسدہ کے حلقہ پی کے 58 سے رکن اسمبلی سلطان محمد خان نے  تحریک انصاف کو خیر آباد کہہ دیا۔
صوبہ خیبر پختونخوا سے تحریک انصاف  کو ایک اور دھچکا ،ایک اور رکن صوبائی  ا سمبلی نے پارٹی چھوڑ دی،سابق وزیر قانون سلطان محمد خان کی پارٹی کے ساتھ ناراضی چلی آرہی تھی تاہم اب انہوں نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
 ذرائع کے مطابق سلطان محمد خان کا کہنا ہے کہ آج میں چارسدہ میں نیوز کانفرنس میں بہت سی باتیں کروں گا، پارٹی چھوڑنے کی وجوہات بھی نیوز کانفرنس میں ہی بتاؤں گا۔ 
 واضح رہے کہ بدھ کے روز عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان اپنے ارکان اسمبلی کے ہمراہ سلطان محمد خان کی رہائش گاہ جرگہ لے کر گئے تھے اور انہیں اپنی پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی۔ 
عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمر بلور کی جانب سے میڈیا کو نیوز کانفرنس کا دعوت نامہ بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق سنیچر کے روز سلطان محمد خان کی رہائش گاہ پر نیوز کانفرنس ہوگی۔ 
ثمر بلور نے اپنے بیان میں کہا کہ ’سلطان محمد خان اپنے خاندان اور ساتھیوں کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔‘
سلطان محمد کے پارٹی سے علیحدگی کے فیصلے پر خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ سلطان محمد میرے اچھے دوست اور ایک قابل سیاست دان ہیں اور مجھے ان کے فیصلے پر دکھ ہوا۔
خیال رہے کہ فروری 2021 میں سابق وزیر قانون سلطان محمد خان کی سینیٹ الیکشن کے لیے پیسے لیتے ہوئے ایک مبینہ ویڈیو منظرعام پر آئی تھی جس کے بعد انہیں کابینہ سے نکال دیا گیا تھا۔سلطان محمد خان سے قبل پشاور سے تحریک انصاف کے ایم پی اے محمد فہیم نے بھی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا ہے،چمحمد فہیم کے مطابق ’پی ٹی آئی میں مزید 20 سے زائد ارکان پارٹی چھوڑنا چاہتے ہیں۔