ٹرین سفر کرنے والوں کیلئے خوشخبری،ر یلوے ٹریک جزوی بحال

Sep 10, 2022 | 12:09 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: ریلوے انتظامیہ نے آج سے روہڑی تک ٹرین آپریشن جزوی طور پر بحال کردیا ہے۔ پشاور سے آنے والی خیبر میل ایکسپریس لاہور سے براستہ ملتان روہڑی تک جائے گی۔

جبکہ کراچی اور کوئٹہ کے درمیان چلنے والی دیگر ٹرینیں تاحال بحال نہ کی جا سکی ہیں۔ لاہور سے کراچی اور کوئٹہ کے لیے ٹرین آپریشن 16 ویں روز بھی بند ہے۔ سکھر اور کراچی ڈویژن میں مختلف مقامات پر تاحال ٹریک پانی میں ڈوبا ہے۔ سیلاب کے باعث ریلوے کا انفراسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے۔ 

ریلوے ذرائع کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے آج سے صرف ایک ٹرین روہڑی تک چلائی ہے۔ خیبر میل ایکسپریس اس سے قبل پشاور سے براستہ لاہور ملتان تک چلائی جارہی تھی۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے 11 ستمبر تک ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ اور ریزرویشن کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔ 11 ستمبر کے بعد ٹریک کی صورتحال کا جائزہ لے کر ٹرین آپریشن کی بحالی کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ 

دوسری جانب ریلوے نے لاہور اور راولپنڈی کے درمیان نئی چلائی جانے والی ریل کاروں کا شیڈول تبدل کردیا ہے۔ لاہور سے راولپنڈی کے درمیان نئی چلائے جانے والی پہلی ٹرین کا  16 ستمبر کو افتتاح ہوگا۔پہلی نان سٹاپ ریل کار لاہور اورراولپنڈی  سے 16 ستمبر کو شام 7 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہوگی ۔ دوسری ریل کار 19 ستمبر کو صبح 5 بجے لاہور اور راولپنڈی سے روانہ ہوگی۔ریلوے انتظامیہ نے دونوں ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کردیا ہے۔ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے 3 ستمبر کو نئی ٹرینوں کا افتتاح کرنا تھا۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں سیلاب سے پیدا ہونے والی ہنگامی  صورتحال کے باعث افتتاح منسوخ کیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں