ایک نیوز: تحقیقاتی اداروں نے رواں صدی کے اختتام تک ماحولیاتی تبدیلی سے بڑے پیمانے پر دل کا دورہ،لو سے اموات کاخدشہ ظاہر کردیا۔
امریکہ کی پین یونیورسٹی کے پین اسٹیٹ کالج آف ہیلتھ اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اور پرڈیو انسٹی ٹیوٹ فار سسٹین ایبل فیوچر نے اپنی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگر کرہ ارض کی گرمی، ماقبل صنعتی سطح، کے مقابلے میں 1.5ڈگری سیلسیئس زیادہ ہوجاتی ہے تو یہ انسانی صحت کے لیے ہلاکت خیز ہو گی۔
انسانی جسم گرمی اور رطوبت کی ایک خاص سطح کو ہی برداشت کرسکتا ہے جس کے بعد صحت کے حوالے سے کئی طرح کے مسائل پیدا ہوجاتے ہیں، مثلاً لو لگنا اور دل کا دورہ پڑنا۔
تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اگر عالمی درجہ حرارت، ماقبل صنعتی سطح سے، 2ڈگری سیلسیس بڑھتا ہے تو پاکستان اور بھارت اور وادی سندھ کے 2.2ارب باشندے، مشرقی چین کے ایک ار ب لوگ اور سب صحارا افریقہ کے 800ملین افرادکو گھنٹوں تک سخت گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا جو انسانی قوت برداشت سے باہر ہوگا۔
جو شہر اس سالانہ گرمی کا شکار ہوں گے ان میں دہلی، کولکاتہ، ملتان، نان جنگ اور ووہان شامل ہیں۔چو نکہ یہ علاقے کم اور درمیانہ آمدنی والے ممالک پرمشتمل ہیں اس لیے لوگوں کے پاس ایئر کنڈیشنز یا اپنے جسم کو ٹھنڈا رکھنے کے دیگر موثر طریقوں تک رسائی بہت مشکل ہوگی۔
لیکن ترقی پذیر ممالک کے مقابلے میں ترقی یافتہ ممالک کے لوگ کم نقصان اٹھائیں گے۔ ترقی پذیر ملکوں میں سن رسیدہ اور بیمار افراد کی ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہوگی۔