معاشی بحران کا مقابلہ کرنےکیلئے نجکاری کی ضرورت پیش آئی،فوادحسن فواد

Oct 10, 2023 | 20:39 PM

ایک نیوز:نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کاکہنا ہے کہ دنیا کی بدلتی ہوئی معیشت میں مقابلہ کے لئے ان اداروں کی نجکاری کی ضرورت پیش آئی۔

نگران وفاقی وزیر برائے نجکاری فواد حسن فواد کاتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھاکہ نجکاری پاکستان کا اہم سبجیکٹ رہا ہے۔معیشت کی بہتری کیلئے جتنا کام کرنا چاہئے تھا، اتنا نہیں ہو سکا۔پرائیویٹائزیشن ایک مشکل پورٹ فولیو ہے۔1994ءمیں شروع ہونے والی نجکاری کے کچھ معاملات آج بھی عدالتوں میں زیر التواءہیں۔نجکاری کمیشن میں اس وقت بڑے عہدے خالی ہیں۔نجکاری والے ادارے پاکستان کے عوام کے اثاثے ہیں۔دنیا کی بدلتی ہوئی معیشت میں مقابلہ کے لئے ان اداروں کی نجکاری کی ضرورت پیش آئی۔

فواد حسن فواد کاکہنا تھاکہ نجکاری اس لئے نہیں ہوتی کہ کسی کی خواہش ہے۔نگران حکومت وہی کام کر رہی ہے جو اسے منتخب حکومتیں سونپ کر گئی ہیں۔اس سے زیادہ کوئی کام نگران حکومت کے مینڈیٹ میں نہیں اور نہ ہی ہمارا کوئی ایسا ارادہ ہے۔نگران حکومت منتخب حکومتوں کے لئے آسانی پیدا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ ہم وہ فیصلے کر رہے ہیں کہ منتخب حکومت جب آئے تو ان کے سامنے کلیئر پکچر موجود ہے تاکہ ان کے لئے فیصلہ کرنا آسان ہو۔ہم جو بھی کر رہے ہیں وہ آئین و قانون کے تحت ہے۔ پاکستان کی معیشت کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ہم معیشت کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

مزیدخبریں