ایک نیوز : پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کاکہنا ہے کہ یو ایس ایڈ پروگرا م کا مقصد عوام کو معیاری تعلیم کے بہتری مواقع فراہم کرنا ہے۔
یوایس ایڈ کے سندھ بنیادی تعلیم پروگرام کی اعانت سے100واں گورنمنٹ ہائی سکول آدم خان جیکب آبادمکمل، پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے افتتاح کیا۔
پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھاکہ مجھے امریکی حکومت اور عوام کی جانب سے آپ کے ہمراہ گورنمنٹ ہائی اسکول آدم خان پناہور کی افتتاحی تقریب میں شمولیت پر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔جیسا کہ آپ نے ابھی سُنا کہ یوایس ایڈ کے سندھ بنیادی تعلیم پروگرام کی اعانت سے تعمیر ہونے والایہ 100واں اسکول ہے۔اس پروگرام کا مقصد عوام کو معیاری تعلیم کے حصول تک رسائی فراہم کرنے کیلئے جیکب آباد سمیت صوبہ سندھ کے دس اضلاع میں ۱۰۶ جدید اسکولوں کا قیام ہے۔
امریکی سفیر کا کہنا تھاکہ ہمیں معلوم ہے کہ گزشتہ سال آنے والے تباہ کُن سیلاب سے بچے اور اسکول خاص طور پر شدید متاثر ہوئے تھے۔ گزشتہ برس کے سیلاب کے بعد سے میرا سندھ کا یہ چوتھا دورہ ہے۔میں چاہتا ہوں کہ ہر کوئی جان لے کہ امریکہ ابھی تک (بعد از سیلاب بحالی کیلئے) یہاں موجود اور برسر کار ہے۔ہم یہاں ترقی اور خوشحالی کیلئے آپ کے وژن میں معاونت کے حوالے سے پُر عزم ہیں۔
ڈونلڈ بلوم کاکہنا تھاکہ یہ اسکول ایک ایسی سہولت ہے جو نہ صرف بحالی بلکہ تعمیر نو کیلئے سندھ کےساتھ ہمارے اشتراک کی غماز ہے۔ یہ اسکول سے بڑھ کر بھی کچھ ہے۔ یہ ضرورت کے وقت مقامی آبادی کیلئے سیلاب سے پناہ گاہ کا کام دے گا، اس کے علاوہ یہ والدین اور مقامی آبادی کے باہمی روابط کیلئے ایک پلیٹ فارم بھی ہے۔ اس اسکول میں کمپیوٹر، سائنس لیبارٹری اور فرنیچر سے آراستہ نئے کلاس روم جیسی جدید سہو لیات موجود ہیں۔ہماری جانب سے قائم کیے جانے والے یہ106 اسکول 2024تک 8ہزار سے زیادہ بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم فراہم کریں گے، اور ان تمام اسکولوں کی بنیاد اسی ماڈل پر رکھی گئی ہے۔
امریکی سفیر کا کہنا تھاکہ میں گرم جوش استقبال اور مہمان نوازی پر صدر مدرس ، ساتھی اساتذہ اور طالب علموں کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ میں شراکت داری، رہنمائی اور معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے حوالے سے وزیر تعلیم سندھ اور اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی مخلصانہ کوششوں پر ان کا مشکور ہوں ، نیز اس ادارے کے قیام کو ممکن بنانے والے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میں آپ کی جانب سے یہ سننے کا مشتاق ہو ں کہ آپ وسیع تر آبادی کی اجتماعی بھلائی کی خاطر اس نئے ادارے کو کس طرح بروئے کار لاتے ہیں۔