ایک نیوز:الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کیخلاف غیرملکی فنڈنگ کی نئی درخواست کی ابتدائی سماعت پر درخواست گذار کو شواہد اکٹھے کرنے کے لئے 3 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف غیرملکی فنڈنگ کی نئی درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔ درخواست گذار خالد محمود خان کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور مؤقف اپنایا پی ٹی آئی کو ابھی بھی غیر ملکی اداروں سے فنڈنگ مل رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا آپ کے پاس کیا شواہد ہیں کہ پی ٹی آئی کو غیرملکی فنڈنگ ہورہی ہے؟ درخواست میں پرانے قانون کا حوالہ دیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے استدعا کی الیکشن کمیشن شواہد اکٹھے کرنے کےلئے وقت دے یا پھر آپ اس کی خود انکوائری کراسکتے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے آپ کی خواہش پر انکوائری نہیں کرسکتے۔ الیکشن کمیشن نے درخواست گزار کو 3 ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت یکم نومبر تک ملتوی کردی.