پولیس پر پیٹرول بم پھینکنے کا مقدمہ، میاں محمود الرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

پولیس پر پیٹرول بم پھینکنے کا مقدمہ، میاں محمود الرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

ایک نیوز: کینٹینر جلانے اور پولیس پر پیٹرول بم پھینکنے کےمقدمے میں پی ٹی آئی رہنماء میاں محمود الرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کر دی گئی ہے۔

نیشنل پارک گلبرگ کے سامنے کینٹینر جلانے اور پولیس پر پیٹرول بم پھینکنے کےمقدمے میں نامزد پی ٹی آئی رہنماء میاں محمود الرشید سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی۔انسداد دھشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے کیس پرسماعت کی۔جیل حکام نے میاں محمود الرشید کو عدالت کے روبرو پیش کیا ۔تفتیشی افسر کی جانب سے  ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی ۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ میاں محمود الرشید اور دیگر ملزمان پر نیشنل پارک گلبرگ کے سامنے کنٹینر جلانے اور پولیس پر پیٹرول بم پھینکنے کا الزام عائد ہے۔ مقدمات میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل کر دی گئی ہیں۔

میاں محمود الرشید نو مئی جلاو گھیراؤ متعدد مقدمات میں ملوث ہیں۔جس کے بعد عدالت نے میاں محمود الرشید کے مزید 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔

یاد رہے کہ گلبرگ پولیس نے میاں محمود الرشید  اور دیگر ملزمان کیخلاف مقدمہ نمبر 1283/23 درج کر رکھا ہے۔