سول سیکرٹریٹ: لیوانکیشمنٹ سمیت مطالبات کی منظوری، سرکاری ملازمین کا احتجاج

Oct 10, 2023 | 13:15 PM

ایک نیوز: پنجاب بھر کے سرکاری محکموں کے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ سول سیکرٹریٹ کے باہر سرکاری ملازمین نے دھرنا دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق مظاہرین نے لیو انکیشمنٹ ، فیملی پنشن ، پنشن کٹوتی اور سالانہ انکریمنٹ کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ محکمہ مال ، ایجوکیشن ، ہیلتھ ، سی اینڈ ڈبلیو ، ایریگیشن ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ 

دھرنے میں پنجاب بھر کے کمشنرز ، ڈپٹی کمشنرز ، اے سیز دفاتر کے ملازمین نے بھی شرکت کی۔ اس کے علاوہ واسا ، ایم سی ایل، سول سیکرٹریٹ کے ملازمین بھی احتجاج میں شامل ہیں۔

دھرنے کی وجہ سے سول سیکرٹریٹ کے اطراف میں کنٹینر لگا کر روڈ بلاک کر دی گئیں۔ جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کے احتجاج کے باعث دفتری امور متاثر ہو کر رہ گئے۔

صوبائی صدر پنجاب کوآرڈینشن کونسل ضیاء اللہ نیازی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے دھرنا ختم نہیں ہوگا، حکومت کی طرف سے ہمارے بچوں کے منہ سے نوالا چھینا جا رہا ہے، یہ سارا ظلم صرف پنجاب کے ملازمین کے ساتھ ہو رہا ہے۔ 

مزیدخبریں