نگران وزیراعلیٰ کا عوام دوست فیصلہ: میٹرو کے کرایوں میں اضافے کی سمری مسترد

نگران وزیراعلیٰ کا عوام دوست فیصلہ: میٹرو کے کرایوں میں اضافے کی سمری مسترد
کیپشن: Caretaker Chief Minister's people-friendly decision: Summary rejection of metro fare hike

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا ایک اورعوام دوست فیصلہ۔ میٹروبس اورسپیڈوبس سروس کے کرائے میں 15روپے اضافے کی سمری مسترد کردی۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں کرائے میں اضافے کی سمری پیش کی گئی تھی۔ 

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کا 24واں اجلاس منعقد کیا گیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ریونیو میں اضافے کیلئے نئے اورمنفرد انداز سے کام کیا جائے۔ اجلاس میں لاہور ریلوے سٹیشن تاگرین ٹاؤن الیکٹرک بسیں چلانے کی اصولی منظوری دیدی گئی۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ کے تحت 27 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد و راولپنڈی پاکستان میٹروبس سروس کیلئے بھی الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے راولپنڈی اور لاہور میں میٹروبس ٹریک کی تعمیر و مرمت کا حکم دیدیا۔ قذافی سٹیڈیم اورشاہدرہ ریلوے سٹیشن کی تعمیرومرمت اور تزئین و آرائش کی منظوری بھی دی گئی۔ 

پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹو بسیں چلانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلی نے الیکٹرک بس سروس کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیدیا۔ اس کے علاوہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی میں انسانی وسائل کی کمی کو پورا کرنے کی منظوری بھی دے دی۔ 

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اورمحفوظ سفر کی سہولتیں فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ 

سیکرٹری ٹرانسپورٹ نے نگران وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں کہا کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی تقریباً سواارب مسافروں کا ہدف عبور کرچکی ہے۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی6بس سروس سسٹم آپریٹ کررہی ہے۔ اورنج لائن میٹروٹرین پر روزانہ25ہزار طلبہ مفت سفر کررہے ہیں۔ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو حکومت پاکستان کی طرف ڈویلپمنٹ لیڈر شپ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،سیکرٹری فنانس اور پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔