سرکاری ہسپتالوں کی لیبزکا معیار بہتر بنانے کا مشن، وزیر اعلی چغتائی لیب پہنچ گئے

سرکاری ہسپتالوں کی لیبزکا معیار بہتر بنانے کا مشن، وزیر اعلی چغتائی لیب پہنچ گئے

ایک نیوز: پنجاب میں ہسپتالوں کی لیبزکا معیار بہتر بنانے کے مشن کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی ہیلتھ ٹیم کے ہمراہ چغتائی لیب پہنچ گئے۔
رپورٹ کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عمر چغتائی نے وزیراعلیٰ محسن نقوی اور ان کی ٹیم کا خیر مقدم کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چغتائی لیب کا تفصیلی دورہ کیا،مختلف شعبے دیکھے، لیب میں فراہم کردہ خدمات کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ٹوکن کے اجراء سے سیمپل کولیکشن اورٹیسٹنگ کے عمل کا بھی مشاہدہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چغتائی لیب میں ٹیسٹنگ کیلئے مائیکرو بیالوجی مشین سمیت دیگر جدید آلات ومشینری کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کلینکل پتھالوجی،کلینکل فرانزک اوردیگر ڈیپارٹمنٹ دیکھے۔

ڈاکٹر عمرچغتائی نے وزیر اعلیٰ نقوی کولیبز کی ورکنگ کے حوالے سےبریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے چغتائی لیب میں جدیدمشینری اورآلات کے ذریعے معیاری میڈیکل ٹیسٹ کے نظام کو سراہا۔محسن نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سرکاری ہسپتالوں میں لیبز کو چغتائی لیب کی طرز پر اپ گریڈ کرنے کی فوری ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہیلتھ ٹیم کو سرکاری ہسپتالوں کی لیبز کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہدایات دیں۔


صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جاوید اکرم، سیکرٹری صحت، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سپیشل سیکرٹری صحت، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، ایم ایس سروسز ہسپتال اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔