ایک نیوز: سندھ ہائیکورٹ نے پولیس افسر اور ڈاکٹر کے قتل کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ایم کیو ایم کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رئیس مما کی بریت کی درخواست مںظور کرلی ہے۔ گزشتہ سماعت پر عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر رئیس مما کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
پراسیکیوشن کے مطابق مجرم نے ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کرکے ایس پی شاہ محمد اور ڈاکٹر دلشاد کو قتل کردیا تھا، مجرموں کی جانب سے گاڑی پر چار طرفہ فائرنگ سے ڈرائیور زخمی ہو گیا تھا، رئیس مما، آصف لمبا اور اعجاز قادری پر 2013 میں کورنگی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر رئیس مما کو عمر قید کی سزا سنادی تھی تاہم اے ٹی سی نے عدم ثبوت پر آصف لمبا، اعجاز قادری کو کیس سے بری کر دیا تھا۔ رئیس مما کو 2017 میں ملائشیا سے گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا تھا۔
ملزم کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ پاکستان واپسی پر ایف آئی اے اور امیگریشن کا ریکارڈ کیس سے منسلک نہیں کیا گیا، چھ سال بعد مجرموں کی شناخت پریڈ کرائی گئی۔
وکیل نے استدعا کی تھی کہ اے ٹی سی نے سزا سناتے وقت اہم شواہد کو نظرانداز کیا، اس لیے ان کے مؤکل کو بری کیا جائے۔