وزیراعظم نے تھر انرجی لمیٹڈبلاک ٹو اور تھرکول مائنز فیز ٹو کا افتتاح کردیا

وزیراعظم نے تھر انرجی لمیٹڈبلاک ٹو اور تھرکول مائنز فیز ٹو کا افتتاح کردیا
کیپشن: وزیراعظم نے تھر انرجی لمیٹڈبلاک ٹو اور تھرکول مائنز فیز ٹو کا افتتاح کردیا

ایک نیوز نیوز: وزیر اعظم شہباز شریف نے ضلع تھرپارکر میں حبکو کمپنی کی جانب سے مکمل ہونے والے سی پیک بلاک II کے تحت 330 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کا افتتاح کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا ہے کہ تھر کول منصوبہ علاقے کی ترقی اور خوشحالی کا پراجیکٹ ہے، منصوبے میں چین کے تعاون کے شکر گزار ہیں، تھر کے کوئلے سے دس روپے فی یونٹ بجلی پیدا ہوگی۔

منصوبے کے افتتاح کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے انہیں سی پیک منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سی پیک پاکستان کی معیشت کے لیے گیم چینجر ہے، تھر کول سے بجلی پیدا کرنے کے لیے سڑکوں کے وسیع نیٹ ورک، پلوں اور ہوائی اڈے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت نے 750 ملین ڈالر خرچ کرکے تھر کا انفراسٹرکچر بنایا۔

انہوں نے بتایا کہ جیولوجیکل سروے آف پاکستان کے مطابق تھر کے کوئلے میں 175 ارب ٹن کوئلے کے ذخائر ہیں اور اس میں کل 13 بلاکس ہیں، ہم بلاک II اور بلاک I پر کام کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 2014 میں سی پیک کے تحت کول مائن پاور پراجیکٹ پر کام شروع کیا گیا اور 2015 میں وفاقی حکومت نے اس منصوبے کے لیے خودمختار گارنٹی جاری کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پاور پراجیکٹ کی بجلی کی پیداواری صلاحیت اس سال کے آخر تک 2640 میگاواٹ تک بڑھ جائے گی، سال 2030 تک تھر کے کوئلے سے ملکی معیشت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔