نیوزی لینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان، شیڈول جاری کردیاگیا

Oct 10, 2022 | 09:36 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق  نیوزی لینڈ کی ٹیم  2 ٹیسٹ، 8 ون ڈے انٹرنیشنل اور 5 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے کیلئے دو مختلف مراحل میں پاکستان کا دورہ کرے  گی۔

 پہلے مرحلے میں 27 دسمبر سے 15  جنوری تک میچ کھیلے جائیں گے جس میں دونوں ٹیمیں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلیں گی۔

سیریز میں کھیلے جانے والے دونوں ٹیسٹ میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوںگے اور اس دوران کھیلے جانے والے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہونگے۔

 پہلا ٹیسٹ میچ 27 سے 31 دسمبر تک کراچی میں جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ  4 سے 8 جنوری تک ملتان میں کھیلا جائے گا۔تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز 11، 13 اور 15 جنوری کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

کیوی ٹیم دوسرے مرحلے میں 13 اپریل سے 7 مئی تک پاکستان  کا دورہ کرے گی۔ جس میں 10 وائیٹ بال میچز کھیلے جائیں گے۔ اس دورہ  میں پانچ ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز  کھیلے جائیں گے۔اس مرحلے میں شامل پہلےچار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز 13، 15، 16 اور  19 اپریل کو کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ پانچواں ٹی ٹوئنٹی اور پہلے دو ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب 23، 26 اور 28 اپریل کو قذافی سٹیڈیم  لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ آخری تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز  1 ، 4 اور 7مئی کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

مزیدخبریں