ایک نیوز :صدر مملکت عارف علوی نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کی مذمت کی ہے۔
صدر عارف علوی نے فلسطینی صدر محمود عباس کو فون کرکے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تکلیف دہ ہے، پاکستانی قوم اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی بربریت اور دہشت گردی پر غمناک ہے۔
صدر مملکت نے فلسطینی صدر سے اسرائیل کی جانب سے مہلک بمباری، اسکولوں، اسپتالوں کو نشانہ بنانے، مسلمانوں کی نسل کشی اور انہیں اپنے علاقوں سے بے دخل کرنے پر مذمت کی۔
صدر عارف علوی نے فلسطینی صدر سے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، عالمی برادری فوری جنگ بندی، غزہ تک راہداری کھولنے کیلئے اقدامات کرے۔
دوسری جانب فلسطینی صدر نے اسرائیل کو فلسطینی سر زمین پر لڑائی سے روکنے اور انسانی امداد کی فراہمی کیلئے غزہ کیلئے راہداری کھولنے کا مطالبہ کیا۔
فلسطینی صدر محمود عباس نے صدر عارف علوی کو بتایا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کر رہا ہے، غزہ کے لوگوں کیلئے خوراک، ادویات اور بجلی دستیاب نہیں ہے۔
محمود عباس نے فلسطین کی حمایت اور انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔